امریکہ نے وینزویلا کے لیے سطح۴؍ کا انتباہ جاری کیا،اپنے شہریوں کو نکلنے کی ہدایت
امریکہ نے وینزویلا کیلئے سطح ۴؍ کا انتباہ جاری کیا ، اور اپنے شہریوں کو وینزویلا کے سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی، اس کے علاوہ تمام امریکی شہریوں اور قانونی مستقل رہائشیوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر ملک چھوڑ دیں۔
انتباہ میں دہرایا گیا ہے کہ امریکہ نے۲۰۱۹ء میں اس جنوبی امریکی ملک کے دارالحکومت کراکس سے تمام سفارتی عملے کو واپس بلا لیا تھا، جس کی وجہ سے حکومت کسی بھی ہنگامی یا معمول کے سفارتی خدمات فراہم کرنے سے قاصر ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ ’’ وینزویلا میں امریکی شہریت یا کسی دوسری امریکی رہائشی حیثیت رکھنے والوں کو فوری طور پر ملک چھوڑ دینا چاہیے، بشمول وہ افراد جو وینزویلا یا دیگر غیر ملکی پاسپورٹ پر سفر کر رہے ہوں۔ کسی بھی وجہ سے وینزویلا کا سفر نہ کریں۔انتباہ میں ملک بھر میں ایندھن، بجلی، پانی، ادویات اور طبی سامان کی شدید قلت کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔دریں اثناء امریکیوں کو نہ جانے کی تلقین کے باوجود، محکمہ خارجہ نے ان لوگوں کے لیے احتیاطی تدابیر کاخاکہ پیش کی ہے جو وینزویلا میں داخل ہونے کا فیصلہ کرتے ہیں یا جو فوری طور پر روانہ نہیں ہو سکتے۔ تجاویز میں وصیت نامہ تیار کرنا، خاندان کے ساتھ رابطے کا پروٹوکول بنانا، پرائیویٹ سیکیورٹی کی خدمات حاصل کرنا، اور طبی انخلاء کے انشورنس کی خریداری شامل ہیں۔انتباہ کے اختتام پر کہا گیا ہے کہ وینزویلا جانے کا کوئی محفوظ طریقہ نہیں ہے۔‘‘
واضح رہے کہ امریکہ وینزویلا پر منشیات اور جرائم پیشہ افراد کی امریکہ میں دخل اندازی کا الزام لگاتا رہا ہے، اور اس کے علاوہ صدر نکولس مادورو پر غیر قانونی تنظیم کا سربراہ ہونے کا الزام عائد کیا ہے، اس کے علاوہ بین الاقوامی بحری حدود میں کئی وینزویلا جہازوں پر منشیات کی اسمگلنگ کا الزام لگا کر حملہ کرچکا ہے، اس کے علاوہ خطے میں اپنی فوجی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ بھی کیا ہے۔اور ملک کو جنگ کی مسلسل دھمکی دے رہاہے۔