ایران نے گوگل اور مائکروسافٹ سمیت کئی ٹیک کمپنیوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی

(اےیوایس)

ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے جواب میں اب صرف فوجی اہداف ہی نہیں بلکہ بڑی امریکی ٹیکنالوجی اور دفاعی کمپنیوں کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایران نے 18 بڑی امریکی کمپنیوں کی ایک فہرست تیار کی ہے، جن میں ایپل ، گوگل اور مائکروسافٹ سمیت کئی کمپنیاں ہیں۔ایران کا دعویٰ ہے کہ یہ کمپنیاں امریکی اور اسرائیلی فوجی و انٹیلیجنس اداروں کے ساتھ تعاون کرتی ہیں، اس لیے انہیں جوابی کارروائی میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر کسی ایرانی رہنما کو نشانہ بنایا گیا تو خلیجی ممالک میں موجود امریکی کمپنیوں کے دفاتر اور مفادات پر حملے کیے جا سکتے ہیں۔ خاص طور پر مائکرو سافٹ اور ایپل کے دفاتر دبئی اور ابو دھابی میں واقع ہیں، جو ممکنہ خطرے کی زد میں آ سکتے ہیں۔

ایران نے یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی کمپنیاں ایران کے خلاف منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق سائبر حملوں کے پیچھے بھی انہی کمپنیوں کا ہاتھ ہے، اور ایران اپنی دفاعی حکمتِ عملی کے تحت ہر ممکن اقدام کرے گا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران نے ایک اعلیٰ فوجی افسر کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، جو مبینہ طور پر امریکی-اسرائیلی حملے میں مارے گئے۔ اس واقعے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، اور اب کارپوریٹ دنیا بھی اس تنازع کے دائرے میں آتی نظر آ رہی ہے، جو عالمی سطح پر ایک نئے خطرناک رجحان کی نشاندہی کرتی ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *