(اےیوایس)
مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیاسی درجہ حرارت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ سنیچر کو ریاست کی ٹی ایم سی حکومت کے خلاف مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ذریعہ ’’چارج شیٹ‘‘ جاری کئے جانے پر ممتا بنرجی نے اتوار کو ان کے ماضی کا حوالہ دیکر تلخ جواب دیا۔ بنگال کی وزیراعلیٰ نے کہا کہ امیت شاہ کے ماضی کی بنیاد پر ان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی جانی چاہئے۔ اتوار کو پرورلیا میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا نے رام نومی کے موقع پر مرشد آباد میں پھوٹ پڑنے والے تشدد کیلئے بھی بی جےپی کو ذمہ دار ٹھہرایا اور الیکشن کمیشن کو بھی آڑے ہاتھوں لیاجس نے الیکشن سے قبل اہم پولیس افسران کا تبادلہ کردیا ہے۔
یاد رہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سنیچر کی دوپہر مغربی بنگال کی حکومت کے خلاف ایک تفصیلی چارج شیٹ جاری کرتے ہوئے ریاست کو۲۰۱۱ء سے ’بدعنوانی کی تجربہ گاہ‘ اور صنعتوں کا قبرستان قرار دیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ موجودہ حکومت کو اقتدار سے باہر کر کے خوف کی سیاست کو ختم کریں اور اعتماد کی بنیاد پر نئی حکومت قائم کریں۔
دوسری جانب ترنمول کانگریس نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ’موٹا بھائی، جواب چاہیے‘ کے نعرے کے ساتھ بی جے پی اور مرکزی حکومت کے خلاف اپنی چارج شیٹ جاری کر دی۔ پارٹی نے بی جے پی کے اس دعوے کو کہ ریاست دراندازوں سے بھری ہوئی ہے، بنگال اور بنگالیوں کی توہین قرار دیا اورپلوامہ حملے پر مودی حکومت سے جواب مانگا۔