آن لائن دنیا کی زہریلی ترین عادت آکسفورڈ کا ورڈ آف دی ایئر ’’ریج بیٹ‘‘
یکم دسمبر 2025(اےیوایس)
اس کا مطلب کیا ہے؟
او یو پی کے مطابق ’’ریج روٹ‘ ‘ ایسے آن لائن مواد کو کہا جاتا ہے جو جان بوجھ کر غصہ، اشتعال یا مایوسی پیدا کرنے کیلئے تیار کیا گیا ہو ، تاکہ زیادہ سے زیادہ کلکس، تبصرے اور شیئرنگ حاصل ہو۔ چاہے وہ جان بوجھ کر غلط فہمی پھیلانے والی سرخی ہو، جانبدارانہ رائے، یا اشتعال انگیز تبصرہ ، اس کا مقصد صارف کو جذباتی طور پر ردعمل دینے پر مجبور کرنا ہوتا ہے۔ اصطلاح کے استعمال میں پچھلے سال کے مقابلے میں تین گنا اضافہ دیکھا گیا جو اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ سوشل میڈیا الگورتھم زیادہ غصہ پیدا کرنے والے مواد کو نمایاں کر رہے ہیں۔ یہ کلک بیٹ سے ملتی جلتی مگر زیادہ شدید شکل ہے، جس میں مواد کا ایندھن ’’تجسس‘‘ نہیں بلکہ ’’غصہ‘‘ ہوتا ہے۔
آن لائن جذباتی تھکن اور اثرات
ماہرین کہتے ہیں کہ ایسا مواد نہ صرف صارفین کو ناراض کرتا ہے بلکہ انہیں ذہنی طور پر تھکا بھی دیتا ہے۔ غم و غصے سے بھرپور فیڈز تباہ کن اثرات پیدا کرتی ہیں، جن میں شامل ہیں:جذباتی تھکاوٹ، مسلسل منفی مواد کے باعث ذہنی دباؤ، اور ڈوم اسکرولنگ کے نہ ختم ہونے والے چکر۔ یاد رہے کہ پچھلے سال کا آکسفورڈ ورڈ ’’برین روٹ‘‘ تھا جو غیر فعال اسکرولنگ کی تھکن کو ظاہر کرتا تھا۔
خیال رہے کہ ’’ریج بیٹ‘‘ پہلی بار ۲۰۰۲ء میں یوزنیٹ پر سڑک پر غصے کے واقعات کی وضاحت کیلئے استعمال ہوا، مگر وقت کے ساتھ سیاسی مباحث، غلط معلومات اور مواد کی کریئشن کے نظام کا حصہ بن گیا۔ آج یہ نیوز رومز، کرئیٹر کلچر اور ڈیجیٹل مباحث میں بنیادی اصطلاح ہے۔