(اےیوایس)
آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسواشرما کا مسلمانوں پر فائرنگ کرنے کا ویڈیو ، انٹرنیٹ پر شدید تنقید کا نشانہ بنا، جس کے بعدآسام بی جے پی نے اسے خاموشی سے ہٹادیا، اس ویڈیو کلپ میں شرما رائفل سنبھالے ہوئے ہیں جو اصلی تصویر ہے، جبکہ ہدف کو اے آئی کی مدد سے مسلمانوں کی تصویر سے بدل دیا گیا تھا۔
آسام بی جے پی اکائی نے ایک متنازع ویڈیو ہٹا دی ہے جسے سنیچر کو اپنے ایکس ہینڈل پر پوسٹ کیا تھا، جس میں وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا شرما کو دو مسلمان مردوں کی تصاویر پر علامتی طور پر براہ راست فائرنگ کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔لیکن سوشل میڈیا پرشدید تنقید کے بعد یہ کلپ ہٹا دی گئی۔ اس میں بی جے پی لیڈر کی رائفل سنبھالتے ہوئے اصلی فوٹیج اور مصنوعی ذہانت سے بنی مسلمانوں کے نشانے کی تصاویر کو یکجا کیا گیا تھا۔جبکہ اسکرین پر متن میں ’’غیر ملکیوں سے پاک آسام، ‘‘ ’’کوئی رحم نہیں، ‘‘ ’’آپ پاکستان کیوں نہیں گئے؟‘‘ اور ’’بنگلہ دیشیوں کے لیے کوئی معافی نہیں،‘‘ جیسے نعروں کو شامل کیا گیا تھا۔