اسلام آباد (5 جنوری 2026): وزیراعظم شہباز شریف سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ملاقات کی اور بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات کا احوال بتایا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم کو حالیہ دورہ بنگلہ دیش پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں پارلیمانی امور، پی ٹی آئی سے مذاکرات اور اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ ایاز صادق نے دورہ بنگلہ دیش کو سفارتی لحاظ سے انتہائی کارآمد اور مفید قرار دیتے ہوئے وزیراعظم کو بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے مختصر ملاقات پر بریفنگ دی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ جے شنکر نے خود میری نشست پر آ کر ملاقات کی اور اپنا تعارف بھارتی وزیر خارجہ کے طور پر کرایا۔ اس موقع پر میں نے بھی ان سے احوال دریافت کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی وزیر خارجہ سے یہ مختصر ملاقات 6 یا 7 سیکنڈ کی تھی۔ جے شنکر نے ان سے آ کر مصافحہ کیا اور اپنا تعارف کرایا۔ ایاز صادق نے وزیراعظم کو بتایا کہ جے شنکر کی جانب سے ان کی نشست پر آ کر مصافحہ کرنا میرے لیے حیران کن رہا۔ وہ پوری تیاری اور منصوبہ بندی سے مجھ سے ملاقات کے لیے آئے تھے۔ بھارتی وزیر خارجہ سے غیر رسمی ملاقات کے دوران انتہائی محتاط رویہ اختیار کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی وزیراعظم کو بنگلہ دیشی قیادت اور مرحومہ خالدہ ضیا کے خاندان کے اراکین سے ملاقات پر بھی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر، مشیران اور دیگر قیادت سے ملاقات انتہائی خوشگوار رہی۔ خالدہ ضیا کے فرزند اور دیگر خاندان کے افراد سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں عوام نے ان کا انتہائی مثبت اور پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایاز صادق کو بنگلہ دیش کا مثبت دورہ کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مستحکم کریں گے۔ وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر سے میری ہمیشہ انتہائی خوشگوار ملاقاتیں رہی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کا فروغ ناگزیر ہے۔