الٹی پڑگئی پاکستان کی چال ، اقوام متحدہ میں طالبان کی حمایت میں کھل کرسامنے آیا بھارت
(دسمبر11اےیوایس)
پاکستان کو اس کی چال الٹی پڑ گئی۔ پاکستان ، کشمیر کے مسئلے کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر حل کرنے کے لیے بے قرار رہتا ہے اور اب گزشتہ دنوں اروناچل پردیش کے معاملے پر بھی مداخلت کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
حال ہی میں پاکستان نے اروناچل پردیش کے معاملے پر چین کی حمایت کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا۔ جس کے بعد بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان کی صورتحال پر بحث کے دوران پاکستان کا نام لیے بغیر راست حملہ کیا۔ اس بار بھارت نے کھل کر طالبان حکومت کی حمایت کی۔
بھارت کے مستقل نمائندے ہریش نے افغانستان میں حالیہ فضائی حملوں کی شدید مذمت کی جس میں خواتین، بچے اور کرکٹرز بھی مارے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حملے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہیں اور ایک کمزور اور جدوجہد کرنے والے ملک کو مزید نقصان پہنچا رہے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب بھارت نے افغانستان کی حمایت میں مضبوطی سے اپنا موقف پیش کیاہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی نشاندہی ہوئی ہے۔
بھارت نے تجارتی اور ٹرانزٹ دہشت گردی کا معاملہ بھی اٹھایا، جو پاکستان کی جانب واضح اشارہ تھا۔ ہندوستان نے وضاحت کی کہ کس طرح لینڈ لاکڈ ملک کے لیے لائف لائن کو منقطع کرنا ڈبلیو ٹی او کے قوانین کے خلاف ہے ۔ ہندوستان نے یہ بھی کہا کہ وہ افغانستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور آزادی کی حمایت کرتا ہے۔ بھارت نےکہا کہ بین الاقوامی برادری کو دہشت گرد تنظیموں جیسے آئی ایس آئی ایل، القاعدہ، لشکر طیبہ، جیش محمد، اور ان کے پراکسیوں کو سرحد پار دہشت پھیلانے سے روکنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
دراصل ، پاکستان کی وزارت خارجہ نے حال ہی میں ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ وہ چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت سے متعلق معاملات پر مسلسل حمایت کرتا ہے۔ واضح رہے کہ ،چین ،بھارت کی اروناچل پردیش کو ’ژانگنان‘ کہتا ہے اور پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی کی حمایت سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان ایک بار پھر بھارت کے داخلی معاملات میں مداخلت کی کوشش کر رہا ہے۔ اس طرح وہ خود بھارت کو افغان۔پاک معاملے میں مداخلت کرنے پر اکسا رہا ہے۔ پاکستان کی چل الٹی پڑ ی اور اب بھارت کے پاس افغانستان کی کھل کر حمایت کرنے کی وجہ ہے۔
بھارت کے سابق خارجہ سکریٹری کنول سبل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پاکستان کی حماقت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اروناچل پردیش پر چین کی حمایت کرتے ہوئے پاکستان ڈیورنڈ لائن پر افغانستان کے موقف کی حمایت کرنے کے لیے ہمارے لیے زمین تیار کر رہا ہے۔ سبل کا بیان درست ثابت ہو رہا ہے، کیونکہ بھارت اب اقوام متحدہ میں افغانستان میں پاکستان کے حملوں کی مذمت کر رہا ہے۔ اس سے قبل ،بھارت نے پاکستان اور افغانستان کے معاملے پر کبھی ایسا بیان نہیں دیا تھاا۔ ایسا بیان جاری کر کے پاکستان نے بھارت کو ڈیورنڈ لائن اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر افغانستان کی کھل کر حمایت کا حق دے دیا ہے۔ بھارت اب بلوچستان پر اپنا موقف اختیارکر سکتا ہے۔