لبنان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل روڈولف ہیکل نے منگل کو پاکستانی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات میں خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورت حال، دفاعی تعاون اور دوطرفہ فوجی تعلقات کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لبنانی آرمی چیف جنرل روڈولف ہیکل کو جی ایچ کیو آمد پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ہونے والی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے میں سلامتی کے فروغ، دفاعی تعاون اور دوطرفہ عسکری تعلقات بڑھانے کے پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات کے مطابق مذاکرات میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط، تربیتی تعاون اور ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دی گئی۔
لبنانی آرمی چیف جنرل روڈولف ہیکل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عملی مہارت کو سراہا اور علاقائی امن، استحکام اور بین الاقوامی امن مشنز میں ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔
یہ دورہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ دونوں ممالک کی افواج فوجی سطح پر باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ عزم رکھتی ہیں۔