ایرانی وزیر خارجہ کی قیادت میں وفد کی آج اسلام آباد آمد متوقع: پاکستانی سرکاری ذرائع

(اےیوایس)

پاکستان کے سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد آج رات اسلام آباد پہنچنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ دورہ امریکہ کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کے دوسرے دور کے تناظر میں ہو رہا ہے جس کے لیے سفارتی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق امریکی سکیورٹی اور لاجسٹک ٹیم پہلے ہی پاکستان پہنچ چکی ہے جو متوقع مذاکرات کے انتظامات میں مصروف ہے۔
تاہم اس حوالے سے باضابطہ طور پر کسی حتمی شیڈول یا ایجنڈے کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔اس سے قبل پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جمعے کو ہی ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے جنگ بندی، علاقائی پیش رفت اور امریکہ و ایران کے درمیان ممکنہ روابط کے تناظر میں اسلام آباد کی سفارتی کوششوں پر بات چیت کی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے باقی ماندہ مسائل کے حل کے لیے مسلسل مکالمے اور رابطوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے یہ عمل ناگزیر ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس ضمن میں پاکستان کے تعمیری اور مستقل کردار کو سراہا اور دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *