پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی حکومت نے خواتین، طلبہ و طالبات اور ملازمت پیشہ افراد کے لیے رعایتی قیمتوں پر الیکٹرک سکوٹیز فراہم کرنے کی سکیم کا اعلان کیا ہے جس کے تحت صوبے کے تمام 34 اضلاع میں ابتدائی مرحلے میں 20 ہزار الیکٹرک سکوٹیز 30 فیصد حکومتی سبسڈی اور آسان ماہانہ اقساط پر فراہم کی جائیں گی۔
حکام کے مطابق اس منصوبے سے خواتین، طلبہ و طالبات اور ملازمت پیشہ افراد سمیت عام شہری بھی فائدہ اٹھا سکیں گے جبکہ اس کا مقصد شہریوں کو سستی، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے بدھ کو اس منصوبے کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو جدید اور کم خرچ ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور الیکٹرک بائیکس سکیم اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
ان کے مطابق اس منصوبے کا مقصد طلبہ و طالبات، ورکنگ وومن اور عام شہریوں کو باوقار اور کم لاگت سفری سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی تعلیمی، پیشہ ورانہ اور روزمرہ سرگرمیوں کے لیے باآسانی سفر کر سکیں۔
اس منصوبے کے تحت حکومت بلوچستان الیکٹرک سکوٹی کی قیمت کا تقریباً 30 فیصد حصہ بطور سبسڈی ادا کرے گی جبکہ باقی رقم شہری آسان ماہانہ اقساط کے ذریعے ادا کریں گے۔ اس مقصد کے لیے حکومت بلوچستان نے نیشنل بینک آف پاکستان اور روڈ کنگ موٹر سائیکل کمپنی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت شہریوں کو بائیکس آسان شرائط پر فراہم کی جائیں گی۔
حکومتی منصوبے کے مطابق شہریوں کے لیے ایک الیکٹرک سکوٹی کی مجموعی قیمت تقریباً ایک لاکھ روپے رکھی گئی ہے جو دو سال کے عرصے میں ادا کی جائے گی۔ اس سکیم کے تحت درخواست منظور ہونے پر شہریوں کو نیشنل بینک میں اکاؤنٹ کھلوانا ہو گا اور تقریباً 17 ہزار روپے بطور ڈاؤن پیمنٹ (پیشگی) جمع کرانا ہوں گے جبکہ باقی رقم تقریباً چار ہزار روپے ماہانہ اقساط کی صورت میں ادا کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حکومتی سبسڈی کے باعث یہ سکوٹیز عام مارکیٹ کے مقابلے میں نسبتاً کم قیمت پر دستیاب ہوں گی۔ مارکیٹ میں اسی نوعیت کی خصوصیات رکھنے والی الیکٹرک سکوٹیز کی قیمت عام طور پر ڈیڑھ لاکھ روپے یا اس سے زائد بتائی جاتی ہے۔
اس سکیم کے لیے صوبے بھر کے شہری آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکیں گے۔ حکام کے مطابق درخواستیں ebikes.finance.gob.pk پر جمع کرائی جا سکتی ہیں اور رجسٹریشن کا عمل 15 دن تک جاری رہے گا۔