دعوت نامے، جو یونس نے عبوری حکام کی جانب سے جاری کئے لیکن آنے والی انتظامیہ کی ترجیحات سے ہم آہنگ تھے، علاقائی سفارت کاری پر زور دینے کی نشاندہی کرتے ہیں۔ بی این پی کے چیئرمین طارق رحمان کی خارجہ پالیسی کے مشیر ہمایوں کبیر نے وی آئی او این کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی تک رسائی کی تصدیق کی۔ کبیر نے اس اقدام کو دانستہ خیر خواہی کا اشارہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ خطہ ہمارے لئے اہم ہے۔ اس خطے کو ایک با اثر خطہ بنانا طارق رحمان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم حصہ ہے۔ ٹائم فریم مختصر ہے، لیکن اشارہ موجود ہے۔‘‘ واضح ہو کہ ڈھاکہ اور نئی دہلی کے درمیان تعلقات کشیدہ اس وقت ہوئے جب ۲۰۲۴ء میں طلباء کی زیرقیادت بڑے پیمانے پر مظاہروں کے دوران شیخ حسینہ حکومت کا خاتمہ ہوا اور انہیں جلا وطنی کے بعد ہندوستان پناہ اختیار کرنی پڑی، جس کے بعد یونس کی عبوری حکومت قائم ہوئی تھی۔
چند ماہ قبل لندن میں ۱۷؍ سالہ خود ساختہ جلاوطنی کے بعد واپس لوٹنے والے رحمان نے بی این پی کو فیصلہ کن دو تہائی اکثریت تک پہنچایا۔ حالیہ بیانات میں، انہوں نے سیاسی انتشار اور اقلیتی حقوق کے خدشات کے بعد قومی اتحاد، امن و امان میں بہتری اور معاشی استحکام پر زور دیا ہے۔ انتخابی نتائج کے بعد وزیر اعظم مودی کی رحمان کو ابتدائی مبارکبادی فون کال نے ’’جمہوری اور ترقی پسند‘‘بنگلہ دیش کی حمایت میں نئی دہلی کی دلچسپی کو اجاگر کیا۔ جبکہ حلف برداری کی تقریب میں حاضری کی تصدیق باقی ہے، واضح ہو کہ یہ دعوت نامے ڈھاکہ کے خارجہ تعلقات کو دوبارہ ترتیب دینے اور انتخابات کے بعد کی ایک نازک منتقلی کے دوران جنوبی ایشیائی تعاون کو ترجیح دینے کے عزائم کو ظاہر کرتے ہیں۔