’دی ہندو‘ کے مطابق ایم سی ڈی یعنی میونسپل کارپوریش دہلی کے حکام کے مطابق مسجد سے ملحقہ ڈسپنسری اور شادی ہال کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔ ان تعمیرات کو منہدم کرنے کا فیصلہ رام لیلا میدان علاقے کے سروے کے بعد لیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے پہلے ہی لوگوں کو تجاوزات ہٹانے کا وقت دیا تھا۔ مسماری کے کام سے علاقے میں ٹریفک بھی متاثر ہوا ہے۔ جے ایل این مارگ، اجمیری گیٹ، منٹو روڈ اور دہلی گیٹ کے آس پاس گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس نے مسافروں کو متبادل راستے اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: الیکشن کے کاموں کیلئے مزدوروں کی مانگ میں اضافہ
ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ پر صورتحال فی الحال قابو میں ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق آصف علی روڈ کملا مارکیٹ کے گول چکر سے ہمدرد بلڈنگ تک بند رہے گی۔ اسی طرح کملا مارکیٹ کےگول چکر سے جے ایل این مارگ اور دہلی گیٹ سے جے ایل این مارگ تک جانے والی گاڑیوں پر پابندی ہوگی۔ میردرد چوک سے گرو نانک چوک تک مہاراجہ رنجیت سنگھ مارگ بھی کام مکمل ہونے تک بند رہے گا۔