پاکستانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے انڈین وزیر خارجہ ایاز صادق کی نشست پر مصافحے کے لیے آئے اور دونوں کے درمیان چند جملوں کا تبادلہ بھی ہوا تاہم دیگر ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ پہل کس نے کی۔ ابھی تک اس ملاقات کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ خیال رہے کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات اس وقت مزید تلخ ہو گئے جب پہلگام میں شدت پسندوں کے حملے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان مئی میں فوجی جھڑپیں ہوئی تھیں۔ مئی کے بعد سے دونوں ملکوں کے اعلیٰ حکام کی ایسی کوئی ملاقات میڈیا میں رپورٹ نہیں ہوئی جس میں مصافحہ کیا گیا ہو بلکہ کرکٹ کے میدان میں مصافحہ نہ کرنے پر ایک تنازع بھی پیدا ہوا تھا۔ جس میں ستمبر میں ایشیا کپ کے دوران انڈیا کی مردوں کی ٹیم نے پاکستانی حریفوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا اور اس واقعے پر پاکستان نے شدید احتجاج کیا تھا۔
پاکستان اور انڈیا کے کشیدہ تعلقات کے دوران ڈھاکہ میں انڈین وزیر خارجہ جے شنکر اور سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے درمیان مصافحہ ہوا ہے۔ بدھ کو ایاز صادق اور جے شنکر کے درمیان یہ مختصر ملاقات مقامی میڈیا کے مطابق سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ دونوں بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیرِاعظم خالدہ ضیا کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے ڈھاکہ پہنچے تھے۔