(اےیوایس)
پریانکا گاندھی کے بیٹے رائہان واڈرا کی منگنی
کانگریس کی سینئر لیڈر اور جنرل سیکریٹری پریانکا گاندھی اور معروف بزنس مین رابرٹ واڈرا کے بیٹے رائہان واڈرا کی منگنی کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق رائہان نے اپنی سات سالہ دیرینہ دوست اویوا بیگ (Aviva Baig) کو شادی کی پیشکش کی، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ اس منگنی کو دونوں خاندانوں کی مکمل رضامندی حاصل ہے۔
اویوا بیگ (Aviva Baig) کون ہیں؟
اویوا بیگ کا تعلق دہلی سے ہے اور ان کا خاندان بھی دہلی میں مقیم ہے۔ انکے والد عمران بیگ بزنس مین ہیں اور والدہ نندیتا بیگ انٹیریر ڈیزائنر ہیں ۔ بتایاجارہا ہیکہ پرینکاگاندھی اور نندیتا بیگ دوست ہیں اور کانگریس کے نئے ہیڈکوارٹر اندرا بھون کا انٹیریرڈیزائن، نندیتا بیگ نے ہی کیا ہے۔۔
اویوا نے دہلی کے معروف تعلیمی ادارے ماڈرن اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی، جس کے بعد او پی جندل گلوبل یونیورسٹی سے میڈیا کمیونیکیشن اور جرنلزم میں گریجویشن مکمل کی۔
اویوا ایک باصلاحیت فوٹوگرافر اور پروڈیوسر ہیں اور وہ Atelier 11 نامی ایک تخلیقی اور فوٹوگرافی پروڈکشن اسٹوڈیو کی شریک بانی بھی ہیں۔ یہ ادارہ بھارت بھر میں مختلف برانڈز، ایجنسیز اور کلائنٹس کے ساتھ کام کرتا ہے۔
ان کی ویب سائٹ کے مطابق :
’’ اویوا بیگ ایک دہلی میں مقیم فوٹوگرافر ہیں، جن کا فن زندگی کے مختلف رنگوں کو اجاگر کرتا ہے۔ ان کی تصاویر روزمرہ زندگی کی سادگی اور پیچیدگی کے حسین امتزاج کی عکاسی کرتی ہیں۔‘‘