ٹرمپ کا مادورو سے اقتدار چھوڑنے کا مطالبہ، وینزویلا پر دباؤ میں اضافہ
از شیخ منظور احمد
22دستمبر(اےیوایس)
امریکی صدر ڈونا لڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو پر اقتدار چھوڑنے کیلئے دباؤ بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کرنا ان کیلئے بہتر ہوگا۔ واشنگٹن نے کاراکاس کے خلاف پابندیوں، فوجی دباؤ اور تیل کی ناکابندی سمیت اقدامات میں مزید شدت پیدا کر دی ہے۔
ٹرمپ نے مادورو کو ’امریکہ کا کوئی دوست نہیں ‘قرار دیا اور اس کی حکومت پر منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا الزام لگایا، جن کی کاراکاس بارہا تردید کرتا آیا ہے۔ واشنگٹن کی دباؤ کی مہم میں خطے میں امریکی فوجی موجودگی میں اضافہ اور کیریبین سمندر اور بحرالکاہل میں، وینزویلا کے قریب، منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث سمجھے جانے والے جہازوں پر دو درجن سے زائد حملے شامل ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق ان کارروائیوں میں کم از کم۱۰۰؍ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ٹرمپ نے ان تیل بردار جہازوں پر بھی’’ناکابندی‘‘کا اعلان کیا ہے جو پابندیوں کے تحت وینزویلا میں داخل ہو رہے ہیں یا وہاں سے نکل رہے ہیں۔