انڈین اقدامات پاکستانی شہریوں کے لیے خطرہ، آبی حقوق پر سمجھوتہ نہیں: اسحاق ڈار

(اےیوایس)

انڈین اقدامات پاکستانی شہریوں کے لیے خطرہ، آبی حقوق پر سمجھوتہ نہیں: اسحاق ڈار

   پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ’ہم اپنے آبی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ عالمی برادری سندھ طاس معاہدے کی مکمل بحالی کے لیے کردار ادا کرے۔‘ جمعے کو پاکستان کے سرکاری ٹی وی پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر کیے جانے والے خطاب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کا اہم ذریعہ ہے۔ ’انڈین وزیر داخلہ نے سندھ طاس معاہدہ بحال نہ کرنے اور پانی کا رخ موڑنے کا اعلان کیا ہے۔ انڈیا کے اقدامات سے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ انڈیا نے اپریل 2025 میں سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل کر دیا۔ انڈیا کا اقدام عالمی قانون اور ویانا کنونشن  کے آرٹیکل 26 کی خلاف ورزی ہے۔  ’پاکستان نے انڈس واٹر کمشنر کے ذریعے باضابطہ سفارتی و قانونی راستہ اختیار کیا۔ انڈیا کے اقدامات پاکستان کی سلامتی، معیشت اور شہریوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ ہیں۔‘ اسحاق ڈار نے کہا کہ انڈیا نے پیشگی اطلاع کے بغیر دریائے چناب میں پانی چھوڑا۔ دریائے چناب کے بہاؤ میں رواں سال دو مرتبہ غیرمعمولی تبدیلیاں ریکارڈ کی گئیں۔ ’انڈین اقدامات سے پاکستان کو سیلاب اور خشک سالی کے خطرات سے دوچار ہونا پڑا۔ پاکستان نے یہ معاملہ بارہا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اُٹھایا۔‘

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *