اقوام متحدہ کے ادارے نے اپنے بیان میں کہا،’’یہ المیہ بے دخلی کے تباہ کن اثرات اور روہنگیا کے لیے پائیدار حل کی عدم موجودگی کومنظر عام پر لاتا ہے۔‘‘اداروں نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں کے لیے جان بچانے والی امداد اور میزبان سماج کی مدد کے لیے یکجہتی اور مستند فنڈنگ کو برقرار رکھے۔ انہوں نے میانمار میں بے دخلی کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے اور پناہ گزینوں کی محفوظ، رضاکارانہ اور باوقار واپسی کے لیے حالات پیدا کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔بعد ازاں انہوں نے خبردار کیا کہ ’’اجتماعی اقدامات کے بغیر، مزید جانیں سمندر اور مہلک راستوں پر پریشان کن سفر میں ضائع ہو جائیں گی۔‘‘
واضح رہے کہ روہنگیا، جو میانمار کی ریاست رخائن سے تعلق رکھنے والی ایک اقلیتی نسلی گروہ ہے، کئی دہائیوں سے منظم ظلم و ستم اور بے وطنی کا شکار ہے۔ انہیں میانمار کے شہریت قانون۱۹۸۲ء کے تحت شہریت سے محروم کر دیا گیا تھا۔ ان کے خلاف بار بار فوجی کارروائیاں ہوتی رہی ہیں، خاص طور پر ۲۰۱۷ء میں جب ایک سفاکانہ مہم کے نتیجے میں۷؍ لاکھ سے زائد افراد بنگلہ دیش جیسے پڑوسی ممالک میں فرار ہونے پر مجبور ہوئے۔تاہم محدود حقوق اور محفوظ واپسیکے بغیر، بہت سے لوگ تحفظ اور بنیادی سلامتی کی تلاش میں خطرناک سمندری سفر کرتے رہتے ہیں۔